غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 11 اکتوبر 2025 کو طے پانے والی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج کی خلاف ورزیوں میں 857 فلسطینی شہید اور 2,486 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 2 فلسطینی شہید ہوئے جن میں سے ایک ملبے تلے سے نکالا گیا جبکہ دوسرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوا۔ 24 دیگر زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : بن گویر کا مسجد اقصیٰ پر حملہ، فلسطینی مزاحمتی گروپس کی شدید مذمت
شمالی غزہ میں بیت لاہیہ کے السلاطین علاقے میں اسرائیلی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے۔ جبالیا کیمپ میں UNRWA کلینک کے سامنے اسرائیلی نشانہ بازوں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔
جبالیا البلد میں اسرائیلی کواڈ کاپٹر ڈرون نے بم گرا کر ایک شخص کو شہید کر دیا۔
جنوبی غزہ میں خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلی روڈ پر اسرائیلی حملے میں دو فلسطینی زخمی ہوئے۔
وزارت صحت نے بتایا کہ متعدد شہدا اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں جن تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 72,744 شہید اور 172,588 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج جنگ بندی کے 217ویں روز بھی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے جو عرب اور امریکی ثالثی سے شرم الشیخ میں طے پایا تھا۔


