یمن کی وزارت خارجہ نے صوبہ الحدیدہ پر سعودی اتحاد کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کارروائی کے تمام نتائج کی مکمل ذمہ داری سعودی عرب پر عائد ہوگی۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے یمن کا محاصرہ ختم کرنے کے جائز مطالبے کو تسلیم کرنے کے بجائے ایک بڑی غلطی کی ہے جس کی اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کی فوجی برتری کا دور ختم ہوچکا ہے، فارن افیئرز
بیان میں مزید کہا گیا کہ الحدیدہ کو نشانہ بنانے کے بعد آئندہ مرحلے کا بنیادی اصول حملے کے بدلے حملہ ہوگا۔ انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن حزام الاسد نے ایکس پر لکھا کہ بندرگاہ کے بدلے بندرگاہ، ہوائی اڈے کے بدلے ہوائی اڈہ اور ہر کشیدگی کا جواب اس سے بڑی کشیدگی سے دیا جائے گا۔
سعودی اتحاد نے ایک بیان میں مغربی یمن میں فوجی کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی انصار اللہ سے متعلق فوجی اہداف کے خلاف کی گئی۔