اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں حملے کیے جن میں ایک فلسطینی شہید ہوا جبکہ 14 دیگر زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ابراہیم عوض النجی چند روز قبل غزہ شہر پر اسرائیلی حملے میں زخمی ہوئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
جنوبی غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون نے السبڑہ محلے میں دھماکہ خیز مواد گرایا جس سے ایک بچی زخمی ہو گئی۔
نصیرات پناہ گزین کیمپ کے مغرب میں اسرائیلی بم کا دھماکہ ہوا جس سے دو فلسطینی زخمی ہوئے۔
جبالیا پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے۔
طبی تنظیم میڈیسنز سنس فرنٹیئرز نے بتایا کہ بیت لاہیہ میں الطیب کلینک کے قریب اسرائیلی ٹینک نے دو گولے داغے جن سے 12 شہری زخمی ہوئے جن میں ایک بچہ شدید زخمی اور ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موساد چیف نے ایران جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ کیا
جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی خلاف ورزیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 856 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 2463 تک پہنچ گئی ہے۔
7 اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد تقریباً 72740 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 172555 ہے۔


