پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات مزید دو روز کے لیے بڑھا دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کا دورہ اب مزید دو روز جاری رہے گا۔ بیشتر اہم نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، جبکہ چند باقی مسائل پر مزید بات چیت جاری ہے۔
آئی ایم ایف نے پیٹرولیم لیوی میں 18 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے جس کے تحت اگلے مالی سال میں پیٹرولیم لیوی 100 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔ آئی ایم ایف نے صوبوں کو اضافی 430 ارب روپے ٹیکس جمع کرنے کا ہدف دیا ہے اور صوبوں سے وفاق کو تقریباً 2 ہزار ارب روپے سرپلس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے اگلے مالی سال کے لیے 15 ہزار 264 ارب روپے کا ٹیکس ہدف مقرر کیا ہے۔ دفاعی بجٹ 2 ہزار 665 ارب روپے، وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 986 ارب روپے اور صوبائی ترقیاتی بجٹ 2.5 ٹریلین روپے تک پہنچ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان، وفاقی اداروں میں 25 مئی سے چھٹیاں
بی آئی ایس پی پروگرام کی رقم 14 ہزار 500 سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے پر عارضی اتفاق ہوا ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں سال میں دو بار اضافے کی شرط برقرار رکھی گئی ہے۔


