آئی ایم ایف کا حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ
آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں کم سے کم رکھی جائیں: عالمی مالیاتی فنڈ فوٹو: فائل
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری نہ کی جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی بجٹ 2026-27 کی تیاری کے لیے آئی ایم ایف سے ابتدائی ورچوئل مشاورت جاری ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مالی بوجھ سے بچنے کے لیے توانائی، ایندھن کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے، توانائی، بجلی کے نرخوں سے متعلق ریگولیٹر اداروں کی تجاویز پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے جنگ بندی کے باوجود غزہ میں دو بچوں کو شہید کر دیا، اموات میں اضافہ
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں کم سے کم رکھی جائیں۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع کرنا، سیلز ٹیکس استثنیٰ میں کمی، اخراجات مزید کم کرنے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں کم از کم ایک فیصد اضافہ کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ بجٹ کے لیے اہم اہداف طے کیے جا رہے ہیں، عالمی حالات میں بہتری اور معاشی اصلاحات سے آئندہ مالی سال کی درمیانی مدت میں شرح نمو کا ہدف 5.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔


