اسلام آباد (4 جون 2026): حکومت نے مانسہرہ سے چلاس تک موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے جس میں بابوسر ٹاپ پر پاکستان کی سب سے لمبی سرنگ بھی شامل ہوگی۔
وزیر مواصلات علیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 172 کلومیٹر لمبی موٹروے کی منظوری دی۔ یہ منصوبہ علاقائی سیاحت، روزگار کے مواقع اور معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے غزہ پر رات کے حملے میں 9 فلسطینی شہید کر دیے
حکام کے مطابق اس موٹروے کی تعمیر سے مانسہرہ سے کاغان اور چلاس کا فاصلہ تقریباً 120 کلومیٹر کم ہو جائے گا۔ منصوبے کو دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں مانسہرہ سے کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ تک جبکہ دوسرے مرحلے میں بابوسر ٹاپ سے چلاس تک موٹروے بنائی جائے گی۔
اس منصوبے کا سب سے اہم حصہ 13.5 کلومیٹر لمبی بابوسر ٹنل ہوگی جو پاکستان کی طویل ترین سرنگ بنے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موٹروے مغربی چین کو کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے براہ راست جوڑنے کا تیز، مختصر اور کم لاگت والا راستہ فراہم کرے گی۔


