پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے ملک میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے رواں ماہ دو اسپاٹ ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلا ایل این جی کارگو 12 سے 16 مئی جبکہ دوسرا کارگو 24 سے 28 مئی کے دوران فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی سپلائرز کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 مئی مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد موصول ہونے والی پیشکشوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی ایل ایل نے یہ ٹینڈر ملک میں گیس کی طلب اور سپلائی میں توازن برقرار رکھنے کے لیے جاری کیا ہے تاکہ صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : معرکہ حق کا ایک سال مکمل، جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دو اسپاٹ ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے بولیاں طلب کی گئی تھیں تاہم بعد ازاں انہیں منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بولیوں کی منسوخی قطر سے ایل این جی سپلائی بحال ہونے کی امید کے باعث کی گئی تھی۔


