گھر بیٹھے پاسپورٹ سہولیات، اہم پیشرفت سامنے آگئی
اسلام آباد (8 مئی 2026): گھر بیٹھے پاسپورٹ سے متعلق سہولیات حاصل کرنے کے خواہش مند شہریوں کے لیے خوشی کی خبر آگئی۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
اجلاس میں پاسپورٹ اور نادرا کے باہمی اشتراک سے مکمل، جامع اور مؤثر ایس او پیز تیار کیے جانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کو قطر کے وزیراعظم کا ٹیلی فون کال
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان ایس او پیز کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان رابطہ مزید بہتر بنانا، نظام کو شفاف بنانا اور شہریوں کو تیز رفتار سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ جدید نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے متعدد پاسپورٹ سہولیات حاصل کر سکیں گے، جبکہ پاسپورٹ سے متعلق مختلف مراحل کو بھی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسان اور محفوظ بنایا جائے گا۔
محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ اور نادرا کے اشتراک سے تیار کی گئی جامع حکمت عملی کے تحت ایک مربوط نظام بنایا جائے گا تاکہ عوام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور دفاتر میں غیر ضروری رش میں کمی لائی جا سکے۔


