وطن کو کسی بھی خطرے کی صورت میں پوری قوم متحد ہو کر جواب دے گی، اسحاق ڈار
اسلام آباد (7 مئی 2026): نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وطن کو کسی بھی خطرے کی صورت میں پوری قوم متحد ہو کر جواب دے گی۔
بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معرکہ حق صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ قومی جرات، اتحاد اور عزم کی داستان ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی دفاعی کامیابی اور حق دفاع کے مؤثر استعمال کی مثال بنا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو فیصلہ کن اور متناسب جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ معرکہ حق صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ قومی عزم، قربانی اور اتحاد کی روشن داستان ہے۔ آج اس کی سالگرہ صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ مستقبل کی سمت کا تعین بھی ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے۔ لیکن اپنی خودمختاری، وقار اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سفارتکاری اور باہمی احترام پر یقین رکھتا ہے اور ہر تنازع کا حل مذاکرات، انصاف اور سفارتی ذرائع سے چاہتا ہے۔ تاہم جنوبی ایشیا میں دیرپا امن مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر ممکن نہیں۔ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب قوم متحد ہو تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتی۔ آئندہ بھی وطن کو کسی بھی خطرے کی صورت میں پوری قوم متحد ہو کر جواب دے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان دفاع، معیشت، تعلیم اور سماجی شعبوں میں مضبوط مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ قوم تقسیم کو رد کرے اور متحد ہو کر ترقی یافتہ، پر امن اور خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے۔


