تربوز کھانے سے لڑکی کی موت، چند دنوں میں شادی ہونے والی تھی
(8 مئی 2026): بھارت میں تربوز کھانے سے ایک اور خاندان کے متاثر ہونے کا واقعہ سامنے آگیا، تازہ واقعے میں نوجوان لڑکی موت کے منہ میں چلی گئی جس کی چند دنوں میں شادی ہونے والی تھی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بجنور میں ڈاکٹر ضیاء الرحمان، ان کی اہلیہ اور بیٹی نے تربوز کھایا جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
اہلخانہ نے بتایا کہ مسکان نامی لڑکی کی حالت تربوز کھانے کی وجہ سے زیادہ خراب ہوئی اور وہ دم توڑ گئی۔
پولیس حکام کے مطابق بجنور میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی مسکان کی حالت تربوز کھانے کے بعد اچانک غیر ہو گئی، تینوں کو علاج کے لیے لے جایا گیا، تاہم لڑکی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی راستے میں چل بسی۔ اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ آیا موت کی اصل وجہ تربوز ہی تھا یا کوئی اور محرک ہے۔
اس واقعے نے خاندان پر غم کا پہاڑ توڑ دیا ہے۔ اہلخانہ کا رو رو کر برا حال ہے خصوصاً اس لیے بھی کہ مسکان کی شادی چند روز قبل ہی طے ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : گھر بیٹھے پاسپورٹ سہولیات، اہم پیشرفت سامنے آگئی
تربوز کھانے کے فوراً بعد لڑکی کی موت کی خبر علاقے میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ ابھی تک لڑکی کا پوسٹ مارٹم نہیں کروایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ضیاء الرحمان اور ان کی اہلیہ کی حالت اب مستحکم بتائی جاتی ہے۔


