پاکستان نے غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دھاوا بولنے اور اسرائیلی پرچم لہرانے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ واقعہ 16 اپریل کو پیش آیا جب یہودی آباد کاروں نے اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی مدد سے مسجد اقصیٰ پر حملہ کیا اور فلسطینی مسلمانوں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے منگل کی شب جاری بیان میں کہا کہ یہ قابل مذمت اقدامات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور مقدس مقام کی حرمت کی پامالی کے مترادف ہیں۔ ایسے اشتعال انگیز اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اسرائیلی قبضے کے تحت مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے اور غیر قانونی آبادکاروں کو حاصل استثنیٰ کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔
پاکستان نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا۔


