اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قومی ایئرلائن کی 12 ملکی اور غیر ملکی پراپرٹیز نجی کنسورشیئم کے حوالے کی جا رہی ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ان پراپرٹیز کی مجموعی مالیت اربوں روپے ہے۔ ان میں امریکہ، ہالینڈ اور بھارت سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں موجود کمرشل اور رہائشی اثاثے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رانا ثنا اللہ: کراچی کے لیے خصوصی بلدیاتی نظام پر غور ہونا چاہیے
بیرون ملک پراپرٹیز کی ویلیوایشن کے مطابق نیویارک میں پی آئی اے کی رہائشی پراپرٹی کی قیمت 19 لاکھ 35 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ ایمسٹرڈیم میں سیلز آفس 21 لاکھ 5 ہزار یورو اور ریزیڈنس مینیجر کی پراپرٹی 7 لاکھ 67 ہزار یورو میں تخمینہ لگایا گیا ہے۔
نئی دہلی میں سیلز آفس کی مالیت 12 کروڑ 19 لاکھ بھارتی روپے جبکہ رہائشی پراپرٹی 11 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
پاکستان میں موجود اثاثوں میں پشاور کا سیلز آفس سب سے مہنگا ہے جس کی ویلیوایشن 5 ارب 56 کروڑ 14 لاکھ روپے ہے۔ اسلام آباد آفس کی مالیت 2 ارب 67 کروڑ 73 لاکھ روپے، راولپنڈی بلنگ آفس 2 ارب 54 کروڑ 62 لاکھ روپے اور کوئٹہ سیلز آفس 91 کروڑ 57 لاکھ روپے میں تخمینہ لگایا گیا ہے۔
یہ 12 پراپرٹیز نجکاری کے بڑے پیکج کا حصہ ہیں۔ تاہم نیویارک کا روزویلٹ ہوٹل اور پیرس کا سکرائب ہوٹل اس پیکج سے الگ رکھے گئے ہیں۔


