کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ اور انجینئرز کی مبینہ غفلت کے باعث جدہ ایئرپورٹ پر سینکڑوں حجاج کرام شدید مشکلات میں پھنس گئے۔
جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 860 کے بوئنگ 777 طیارے میں ایئر کنڈیشننگ سسٹم کام کرنا بند کر دیا، جس کے نتیجے میں 393 حجاج کرام نے جہاز کے اندر شدید احتجاج کیا۔ نتیجتاً پرواز 17 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیں : گومل یونیورسٹی میں جعلی ڈگریوں کا بڑا اسکینڈل، 514 ڈگریاں مشکوک قرار
ذرائع کے مطابق یہ طیارہ گزشتہ ایک ماہ سے مرمت کے لیے ہینگر میں کھڑا تھا، مگر پی آئی اے انجینئرز نے ٹیسٹ فلائٹ اور مکمل چیکنگ کیے بغیر ہی اسے حجاج کرام کو لینے کے لیے جدہ بھیج دیا۔ حجاج کرام جدہ ایئرپورٹ پر 15 گھنٹے سے زائد عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔
جہاز میں سوار ہونے کے بعد شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے مسافروں کا دم گھٹنے لگا، جس پر انہوں نے متبادل طیارے کا مطالبہ کیا۔ آخر کار کپتان نے تمام مسافروں کو واپس لاؤنج میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فنی خرابی کی اطلاع ملتے ہی انجینئرز کو بھیجا گیا اور مرمت کے بعد پرواز کو محفوظ طور پر روانہ کر دیا گیا۔


