روس کی امریکا ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے تعاون کی پیشکش
ماسکو: روس نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات کی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی ہم منصب کو روسی وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ روس خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سفارتی حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کا تسلسل نہ صرف ایران بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے استحکام کے لیے خطرہ ہے اس لیے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی ناگزیر ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے روسی ہم منصب کو آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی اور ایران پر عائد مسلسل پابندیوں سے متعلق آگاہ کیا۔