’یلدریم خان‘، ترکیہ نے اپنا پہلا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل متعارف کرا دیا
ترکیہ نے استنبول میں جاری SAHA 2026 دفاعی نمائش میں اپنا پہلا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’یلدریم خان‘ متعارف کرا دیا۔
ترک میڈیا کے مطابق ترکیہ کی وزارت دفاع کے تحقیق و ترقیاتی مرکز کی جانب سے تیار کردہ یہ میزائل آواز کی رفتار سے 25 گنا زیادہ (Mach 25) رفتار حاصل کرنے اور تقریباً 6 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یلدریم خان میں مائع نائٹروجن ٹیٹرا آکسائیڈ کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور یہ چار راکٹ انجنوں سے لیس ہے۔ اس وجہ سے اسے ترکیہ کے جدید ترین میزائل پلیٹ فارمز میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ میزائل استنبول میں منعقد ہونے والی SAHA 2026 انٹرنیشنل ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس نمائش میں پیش کیا گیا جہاں ترکیہ کی بڑی دفاعی کمپنیاں اور سرکاری ادارے مختلف شعبوں میں نئی ٹیکنالوجیز پیش کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یلدریم خان کی رونمائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکیہ اپنی دفاعی صنعت کو وسعت دینے کے لیے میزائل سسٹمز، ڈرونز، فضائی دفاع، ہوابازی اور خلائی ٹیکنالوجی میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔


