ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ہفتہِ حکومت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ایرانی صدر اور تمام حکومتی اداروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی اور صیہونی دشمنوں کی مسلط کردہ جنگ، ظالمانہ پابندیوں اور محاصروں کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات اور اشیاء کی فراہمی ایک بڑی کامیابی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے معاشی مسائل کے حل کے لیے ملکی پیداوار پر انحصار بڑھانے، مہنگائی پر قابو پانے اور معیشت سے امریکی ڈالر کا عمل دخل بتدریج ختم کرنے پر زور دیا تاکہ مزاحمتی معیشت کی پالیسیوں پر کامیابی سے عمل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران سے تجارت پر امریکی پابندیاں: چین کا فیصلہ کن جوابی کارروائی کا اعلان
اپنے پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کو فائدہ پہنچانے والی مایوس کن گفتگو، قومی جذبوں کو مجروح کرنے والے بیانات اور بے بنیاد تفرقات سے گریز کیا جائے۔ ایرانی سپریم لیڈر نے دو ٹوک اعلان کیا کہ ملکی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والا ہر عمل قطعی طور پر ممنوع ہے۔
آخر میں انہوں نے ملکی تعمیر و ترقی کے لیے نوجوان نسل کی جدید ٹیکنالوجی سے وابستگی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اساتذہ، نرسوں سمیت بالخصوص گھریلو خواتین کے تعلیمی و تربیتی کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔




