سپاہ پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور مجمع تشخیص مصلحت نظام کے رکن محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران حزب اللہ کے ساتھ اپنے وعدوں پر پوری مضبوطی سے کھڑا ہے اور لبنان کسی بھی ممکنہ جنگ بندی یا معاہدے کا لازمی حصہ ہوگا۔
عید غدیر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ حزب اللہ نے حالیہ جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اس لیے ایران اس کی حمایت سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
یہ بھی پڑھیں : "ایرانی ترجمان: غزہ اور ایران پالیسی، جرمنی کو UNSC نشست گنوانے کا سبب بن گئی”
انہوں نے امریکہ پر مذاکرات میں بار بار بدعہدی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے متعدد بار اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے جس سے باہمی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
محسن رضائی نے آبنائے ہرمز کو ایران کی تزویراتی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو یا تو ایران کی شرائط قبول کرنی ہوں گی یا پھر سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے خلیج فارس کے بعض ممالک کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے علاقائی ممالک کے درمیان ایک مضبوط تعاون اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا جس میں ایران، ترکی، مصر، پاکستان، سعودی عرب اور دیگر ممالک شامل ہوں۔


