پاکستان اور تاجکستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی محکمہ خارجہ کا دوٹوک موقف: افغان طالبان دوحہ معاہدے پر عملدرآمد میں ناکام
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور قریبی تعلقات کا اعادہ کیا اور دو طرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تاجک وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین نے خطے میں امن، استحکام اور مسائل کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے بین الاقوامی فورمز پر باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔


