چین کی بندرگاہ چنگ ڈاؤ میں زیرِ مرمت ایک مال بردار جہاز میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور پانچ لاپتہ ہوگئے ہیں۔ یہ جہاز شمال مشرقی چین کے ساحل پر واقع اہم بندرگاہی مراکز میں سے ایک، چنگ ڈاؤ کی بیہائی شپ بلڈنگ کمپنی میں لنگر انداز تھا۔
شِنہوا خبر رساں ادارے کے مطابق، جہاز کا نام اوشن میلوڈی تھا اور اس پر لائبیریا کا پرچم لہرا رہا تھا۔ حادثے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد موجود تھے جن میں سے 12 کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ پانچ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کی جانب سے زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان کا امریکہ اور ایران پر مذاکرات کی میز پر واپس آنے پر زور
اس افسوسناک حادثے کے بعد اعلیٰ سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ شِنہوا کے مطابق، چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو لاپتہ افراد کی فوری تلاش اور ہر ممکن امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔




