ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جنوبی بیروت پر اسرائیلی حملے کی صورت میں ایران بھرپور اور سخت جواب دے گا۔ ان کے مطابق ایران کے اس واضح انتباہ نے مخالف فریق کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔
عراقچی نے زور دیا کہ ایران طویل جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس کی فوجی صلاحیت جنگ کے آغاز سے کہیں زیادہ بہتر ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دھمکیوں کا دور ختم، جارحیت کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی: قالیباف
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کے معاشرے اور سیاسی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے جسے کوئی بھی نظرانداز یا ختم نہیں کر سکتا۔ شہید سید حسن نصراللہ کے بعد شیخ نعیم قاسم کی قیادت کو سراہتے ہوئے عراقچی نے کہا کہ انہوں نے توقع سے زیادہ مضبوط اور جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ لبنان کے داخلی مسائل صرف لبنانی سیاسی گروہوں کے باہمی مکالمے سے حل ہونے چاہییں۔ ایران لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا اور نہ ہی کرے گا۔
عراقچی نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل بیروت پر حملہ کرتا ہے تو ایران اسرائیل کو نشانہ بنائے گا۔


