بیرون ملک جانے کا خواب؟ ٹرمپ حکومت کا وہ فیصلہ جس نے ہزاروں والدین کی نیندیں اڑا دیں!
واشنگٹن (8 مئی 2026): ٹرمپ انتظامیہ نے چائلڈ سپورٹ ادا نہ کرنے والے شہریوں کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بچوں کی کفالت کی رقم ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت واجبات کی عدم ادائیگی پر ہزاروں والدین کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے جائیں گے۔
نئی پالیسی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ان افراد کو نشانہ بنایا جائے گا جن کے ذمے ایک لاکھ ڈالر یا اس سے زائد کے واجبات ہیں۔ تاہم پروگرام کی توسیع کے بعد 2,500 ڈالر سے زائد کے نادہندگان کے پاسپورٹ بھی منسوخ کیے جا سکیں گے۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پہلے یہ پابندی صرف پاسپورٹ کی تجدید کروانے والوں پر لاگو تھی، لیکن اب سے موجودہ پاسپورٹ بھی منسوخ کر دیے جائیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس اقدام سے فوری طور پر تقریباً 2,700 امریکی پاسپورٹ ہولڈرز متاثر ہوں گے۔ نئی پالیسی کے تحت محکمہ صحت و انسانی خدمات نادہندگان کی فہرست محکمہ خارجہ کو فراہم کرے گا۔
جن شہریوں کے پاسپورٹ منسوخ ہوں گے، وہ تمام واجبات کی مکمل ادائیگی کے بعد ہی نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ کے ہاں بیٹی کی پیدائش
محکمہ خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد والدین کو ان کی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے پر مجبور کرنا اور بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ 1998 میں اس پروگرام کے آغاز سے اب تک ریاستوں نے 657 ملین ڈالر سے زائد کی ریکوری کی ہے، جبکہ گزشتہ 5 برسوں میں 156 ملین ڈالر کی یکمشت ادائیگیاں کی گئی ہیں۔


