اسرائیل کے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فضائی حملے، 9 فلسطینی شہید
غزہ (8 مئی 2026): اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، فضائی حملوں میں مزید 9 فلسطینی شہید ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایک سکیورٹی پوسٹ پر فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 2 فلسطینی پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 9 فلسطینی شہید جبکہ 39 زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ کے بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی کو بڑا دھچکا، ریفارم یوکے نے تاریخی کامیابی حاصل کی
وزارت صحت کے مطابق ابھی بھی متعدد متاثرین ملبے تلے اور سڑکوں پر موجود ہیں، جبکہ ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں اس وقت وہاں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 846 افراد شہید اور 2,418 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے اکتوبر 2023 میں غزہ پر جنگ شروع کیے جانے کے بعد اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔


