ایران کی طاقتور مسلح افواج تیار کھڑی ہیں، محسن رضائی
تہران: ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے امریکی قیادت کو خبردار کیا ہے کہ اگر واشنگٹن نے خطے میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھیں تو امریکی افواج کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا کے صدر، وزیر جنگ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میں ایک بات مشترک ہے، وہ اپنے وہم کو کامیابی کے طور پر پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی طاقتور مسلح افواج تیار کھڑی ہیں، امریکی افواج کے لیے جو کچھ منتظر ہے وہ نارمنڈی یا سسلی جیسا نہیں بلکہ طبس اور اصفہان جیسا ہوگا۔ وہم میں نہ رہیں۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں مجرمانہ اقدامات کر رہا ہے، کوئی ملک اس کو کنٹرول نہیں کر سکتا۔
واشنگٹن میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں مختلف ممالک کے پھنسے ہوئے بحری جہازوں کے عملے کی زندگیوں کو خطرہ ہے، خلیج فارس میں پھنسے 23 ہزار افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے ٹرمپ نے پروجیکٹ فریڈم کا اعلان کیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پروجیکٹ فریڈم آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے اہم قدم ہے، کسی پر حملہ نہیں کیا، آبنائے ہرمز عالمی گزرگاہ ہے، کوئی ملک اس کو کنٹرول نہیں کر سکتا، ایرانی رجیم ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی۔


