حزب اللہ نے شام میں سرگرمی کی جھوٹی افواہوں کی تردید کر دی
حزب اللہ نے شامی وزارت داخلہ کے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک "حزب اللہ سے منسلک سیل” کو شامی سرزمین پر سیکیورٹی آپریشنز کرنے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
حزب اللہ کے میڈیا ریلیشنز نے منگل کے روز جاری بیان میں کہا کہ شامی حکومت کی طرف سے بار بار لگائے جانے والے یہ جھوٹے الزامات انتہائی تشویش ناک ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ "ان الزامات کی تکرار سنگین سوالات پیدا کرتی ہے اور اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ کچھ لوگ لبنانی اور شامی عوام کے درمیان تناؤ اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
حزب اللہ نے کہا کہ وہ شام اور اس کے عوام کی بھلائی چاہتا ہے اور شام کی سلامتی کو لاحق کوئی خطرہ لبنان کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہوگا۔ گروپ نے زور دیا کہ وہ کبھی بھی کسی ریاست کی سلامتی کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش نہیں کرے گا اور اس کی جدوجہد صرف صیہونی دشمن اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کے خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر امارات کی سرزمین سے ایران کے خلاف کارروائی ہوئی تو کاری اور پشیمان کن جواب دیں گے
بیان میں مزید کہا گیا: "حزب اللہ صیہونی دشمن اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کے خلاف دفاعی پوزیشن میں رہا ہے اور رہے گا، جو لبنان اور شام دونوں کا دشمن ہے، ان کی سرزمین پر قبضہ کیے ہوئے ہے اور ان کے وسائل اور عوام کی دولت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔”
حزب اللہ نے خبردار کیا شام کی عبوری قیادت کی طرف سے حزب اللہ پر شامی سرزمین میں سرگرم ہونے کے الزامات بار بار لگائے جا رہے ہیں جنہیں حزب اللہ نے ہمیشہ مسترد کیا ہے۔ یہ رجحان شام تک محدود نہیں بلکہ بحرین اور کویت سے بھی حالیہ جھوٹے الزامات سامنے آئے ہیں۔
حزب اللہ نے ان بیانیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ممالک کو چاہیے کہ وہ اس سازش کے سامنے چوکس رہیں جو عرب ممالک اور مزاحمت کے محور کے درمیان تناؤ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


