حج 2026: شہری دفاع نے مختلف مقامات پر 27 مراکز قائم کر دیے
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹیریٹ آف سول ڈیفنس (شہری دفاع) کی جانب سے رواں سال حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عارضی مراکز کو فعال کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مملکت کے تمام سرکاری ادارے حج سیزن کے آغاز سے ہی عازمین حج کی خدمت کے لیے مصروف ہو جاتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مختلف اداروں کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ دونوں مقدس شہروں کے درمیان راستوں پر بھی خصوصی مراکز قائم کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر: آبنائے ہرمز پر کنٹرول ایٹم بم رکھنے جیسا ہے
جنرل ڈائریکٹریٹ آف سول ڈیفنس کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ حج سیزن کے دوران عازمین حج کی سکیورٹی اور سلامتی کے پیش نظر مختلف مقامات پر 27 سیزنل مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں اعلیٰ تربیت یافتہ عملے کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے۔
سیزنل مراکز کا براہ راست و مستقل رابطہ مرکزی کنٹرول روم سے ہے جہاں سے کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر علاقائی مراکز کو ہدایات ارسال کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ حج ایام کے دوران بھی شہری دفاع کے اضافی یونٹ مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) میں تعینات ہوتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں امدادی کارروائیوں میں تاخیر نہ ہو۔


