آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے شہید ابراہیم رئیسی اور دیگر شہدائے خدمت کی دوسری برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی قافلے کے فضائی حادثے کے شہداء، بالخصوص شہید صدر حجۃ الاسلام والمسلمین ابراہیم رئیسی کی یاد، اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام خدمت گزار شہداء کی قربانیوں کو تازہ کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور امریکہ کے مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی جاری، تہران جنگ کے خاتمے پر پختہ موقف
آیت اللہ خامنہ ای نے شہید مطہری، بہشتی، رجائی، باہنر، رئیسی، آل ہاشم، امیر عبداللہیان اور دیگر ممتاز شہداء کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے خون سے اسلامی جمہوریہ کے خدمت گزار نظام کو مزین کیا ہے۔
انہوں نے شہید رئیسی کی نمایاں خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ احساس ذمہ داری، نوجوانوں پر اعتماد، انصاف پر توجہ، فعال سفارت کاری اور عوامی وابستگی ان کی اہم صفات تھیں۔ ان تمام صفات کی بنیاد ان کی گہری روحانیت تھی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ شہید رئیسی کا مختصر صدارتی دور قوم اور ملک کے لیے انتھک محنت، ہمدردی اور خودمختاری کے تحفظ کا معیار بن گیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آج ایرانی قوم دو عالمی دہشت گرد طاقتوں کے خلاف منفرد تاریخی مزاحمت کی مثال قائم کر رہی ہے، جس سے نظام کے تمام ذمہ داران کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ خداوند متعال شہدائے خدمت پر رحمت نازل فرمائے اور ایرانی عوام کی خدمت کرنے والوں کو الٰہی نصرت اور امام زمانہ علیہ السلام کی دعا شامل حال رہے۔


