ریاض (16 مئی 2026): سعودی عرب نے حج قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد سعودی عرب میں قیام کرنے والوں پر 50 ہزار ریال جرمانہ، 6 ماہ قید اور ملک بدری کی سزا ہو سکتی ہے۔
وزارت نے غیر ملکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حج قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع دیں اور تعاون کریں تاکہ فریضہ حج کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔
عازمین حج کے لیے اہم ہدایات
سعودی وزارت داخلہ نے حج 2026 کے لیے عازمین کی سہولت کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ان میں مسجد الحرام میں داخلے کے راستے، طواف اور سعی کے لیے مخصوص راستوں، ویل چیئر کی سہولت، ازدحام کے اوقات میں ماسک کا استعمال اور پرمٹ کے بغیر مقدس مقامات میں داخلے پر پابندی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ کے ملبے پر لامین یامال کا خاکہ، فلسطینی موقف کی تائید پر خراجِ تحسین
وزارت نے زور دیا کہ تمام عازمین حج ضوابط کی پابندی کریں تاکہ ان کا حج سفر محفوظ، آرام دہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔


