اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے جاری رکھے ہیں۔
خان یونس میں ایک شہری گاڑی پر اسرائیلی حملے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔ اس سے پہلے اسرائیلی فائرنگ میں ایک شخص شہید اور چار زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے میں البریج کیمپ کے شمالی حصوں پر توپ خانے سے بمباری بھی کی۔
غزہ کی وزارت صحت نے اپنے روزانہ اپ ڈیٹ میں بتایا کہ اکتوبر 2025 میں اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک 851 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 2437 زخمی ہوئے اور ملبے تلے سے 770 شہدا برآمد کیے گئے۔
اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل نے 72737 فلسطینیوں کو شہید اور 172539 کو زخمی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :خطے کے ممالک میں پٹرول کی قیمت پاکستان سے کم
طبی تنظیم میڈیسنز سنس فرنٹیئرز نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں خوراک اور انسانی امداد کو جان بوجھ کر محدود کر رہا ہے جس سے خاص طور پر بچوں، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں میں غذائی قلت کا بحران پیدا ہو رہا ہے۔
تنظیم نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود صورتحال انتہائی نازک ہے اور اسرائیل کو فوری طور پر غزہ میں بلا روک ٹوک انسانی امداد داخل کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔


