حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایران کا پانچ دہائیوں سے جاری مسلسل اور مخلصانہ تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے ایرانی مدرسوں کے سربراہ آیت اللہ علی رضا عارفی کو لکھے گئے پیغام میں کہا کہ حزب اللہ کو ایران کی حمایت امام خمینی کے ابتدائی 1980 کی دہائی میں جاری کردہ حکم کے بعد سے حاصل رہی ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ ایران نے مرحوم رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں پاسداران انقلاب اور قدس فورس کے ذریعے یہ تعاون جاری رکھا۔
یہ بھی پڑھیں : موساد چیف کا متحدہ عرب امارات کا خفیہ دورہ، ایران کے خلاف امریکی اسرائیلی سازش
انہوں نے کہا کہ 2000 میں جنوبی لبنان کی آزادی اور 2006 کی جنگ میں اسرائیل پر فیصلہ کن فتح ایران کی مدد سے ممکن ہوئی۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ اسرائیل کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی جو علاقے کے مسلمان ممالک پر قبضہ اور ان کی آزادی چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے حالیہ امریکہ اسرائیل کی ایران پر جارحیت کو مزاحمت، آزادی اور فلسطین کی حمایت کے پرچم پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی قیادت اس جنگ سے بھی فتح یاب ہو کر نکلے گی۔


