مقبوضہ غرب اردن میں صہیونی آباد کاروں نے فلسطینی اراضی پر قبضے کے لیے نئے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق آباد کاروں نے آج منگل کو الخلیل کے جنوب میں دورا قصبے کے مغربی علاقے سکہ میں خلہ عجوری کے مقام پر فلسطینیوں کی زمینوں پر موبائل گھر (کرفانات) نصب کرنا شروع کر دیا ہے۔
علاقے کے مکینوں نے بتایا کہ اس اقدام کے ساتھ ساتھ زمینوں پر فیلڈ ورک اور دیگر انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ اس سے مقامی آبادی میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی جیلوں میں فلسطینی اسیر خواتین پر برہنہ تلاشی اور شدید تشدد
رواں ماہ کے آغاز میں بھی آباد کاروں نے الخلیل کے مغرب میں بیت عوا قصبے میں نئی بستی کے لیے سڑک تعمیر شروع کی تھی۔
اب تک الخلیل کے مغرب میں سیکڑوں کنال اراضی پر زبردستی قبضہ کیا جا چکا ہے تاکہ نئی سڑکیں نکالی جا سکیں۔
ان اقدامات کا مقصد فلسطینیوں کو زبردستی ہجرت پر مجبور کرنا اور علاقے پر صہیونی تسلط قائم کرنا ہے۔


