مواد پر جائیں

ملائیشیا بین الاقوامی قرآن مقابلہ: فاتحین کا اعلان

دی وائس آف امہ : کوالالمپور میں 66واں ملائیشیا بین الاقوامی قرآن مقابلہ ہفتے کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔ ملائیشیا کی سرکاری خبر ایجنسی برناما کے مطابق "مدنی دیہیاتی، امت دیبرکتی” کے عنوان سے ہونے والے اس مقابلے میں 38 ممالک کے 50 قاریوں اور حفاظ نے حصہ لیا، جن میں 34 مرد اور 16 خواتین شامل تھیں۔

تلاوت کے زمرے میں فاتحین

برناما کے مطابق مردوں کی تلاوت میں انڈونیشیا کے محمد فوجی رضوان 94.67 نمبروں کے ساتھ اول رہے، ملائیشیا کے چک حسنول تقی الدین دوسرے اور بیلجیم کے براہیم بوغلاب تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی تلاوت میں ملائیشیا کی نور شکورہ محمد موسیٰ 91.83 نمبروں کے ساتھ اول آئیں، سنگاپور کی عتیقہ سہیمی دوسری اور برونائی کی قاریہ تیسری رہیں۔

مزید پڑھیں : علامہ راغب نعیمی: قرآن کی تعلیمات انسانیت کے لیے سرچشمۂ ہدایت

ملائیشیا بین الاقوامی قرآن مقابلہ: حفظ کے زمرے

مردوں کے حفظ میں بنگلہ دیش کے احتشام الحق ہیرا اور شام کے عبدالرحمٰن جمال ابراہیم نے یکساں 97 نمبر حاصل کیے، تاہم تجوید اور درستی کے نمبروں کی بنیاد پر بنگلہ دیشی حافظ کو فاتح قرار دیا گیا۔ خواتین کے حفظ میں نائجر کی شفاعتو عیسوفو 96.17 نمبروں کے ساتھ اول، لیبیا کی حافظہ دوسری اور میانمار کی حافظہ تیسری رہیں۔

انعامات ملائیشیا کے وزیرِ مذہبی امور ڈاکٹر ذوالکفل حسن نے تقسیم کیے۔ فاتحین کو 40 ہزار رنگٹ نقد، ٹرافی اور عمرہ پیکج دیا گیا۔ ایرانی خبر ایجنسی ایکنا کے مطابق ورلڈ ٹریڈ سینٹر کوالالمپور میں ہونے والی تقریب میں مذہبی حکام، غیر ملکی سفیروں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ یہ مقابلہ منگل کو شروع ہوا تھا۔

ماخذ: برناما (آسٹرو اوانی)، ایکنا

About The Author