مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی افواج نے گذشتہ رات اور آج صبح چھاپہ مار کارروائیوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
بیت لحم میں شہر کے شمال میں واقع عایدہ کیمپ کے قریب اسلامی قبرستان کے پاس اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 16 سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا۔ ہلال احمر کے عملے نے اسے علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔
قابض افواج نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور کم از کم 21 شہریوں کو گرفتار کر لیا جن میں سابق اسیران اور تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
گرفتاریاں قلقيلية، الخلیل، رام اللہ، بیت لحم، طولکرم اور جنین میں کی گئیں۔
قلقيلية میں کفر قدوم سے تین بھائیوں بدر، اسامہ اور لوئی جمعہ کو گرفتار کیا گیا جبکہ کفر ثلث سے امیر مراعبہ بھی حراست میں لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ: جنگ بندی کے باوجود شہادتوں کا سلسلہ جاری، 854 افراد شہید
جنین میں یعبد سے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ طولکرم، رام اللہ، بیت لحم اور الخلیل سے بھی متعدد نوجوان اور سابق اسیر گرفتار ہوئے۔
اسیران میڈیا آفس نے بتایا کہ قابض اسرائیل فلسطینیوں، خاص طور پر سابق اسیروں اور ان کے اہل خانہ کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔


