حماس کے مرکزی مذاکرات کار کے بیٹے کی اسرائیلی حملے میں شہادت
دیر البلح، غزہ (7 مئی 2026): حماس کے مرکزی مذاکرات کار کے بیٹے کی اسرائیلی حملے میں شہادت ہو گئی جبکہ ایک اور اسرائیلی حملے میں حماس کے تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
حماس نے بتایا کہ مرکزی مذاکرات کار خلیل الحیا کے 32 سالہ بیٹے عزام کو بدھ کو غزہ شہر میں اسرائیلی حملے میں زخمی کیا گیا تھا جس میں ایک اور شخص بھی شہید ہو گیا اور کئی زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ خلیل الحیا بیرون ملک مقیم ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک روز پہلے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔
حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے شہریوں کو نشانہ بنانا جنگ بندی معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان کوئی براہ راست بات چیت نہیں، امریکی وزیر توانائی
اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں باقاعدگی سے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک 837 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 2381 زخمی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک غزہ میں شہدا کی تعداد 72619 اور زخمیوں کی تعداد 172484 ہو چکی ہے۔
معاہدے کی اہم شقیں ابھی تک پوری نہیں ہوئیں جن میں حماس کا غیر مسلح ہونا، بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور اسرائیل کا غزہ کے آدھے علاقے سے انخلاء شامل ہیں۔ اسرائیل اور حماس نے ایک دوسرے پر خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔


