ریاض (14 مئی 2026): سعودی عرب رواں حج سیزن میں عازمین حج کو جدید ترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈرون اور روبوٹکس ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے۔
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حج مقامات پر دواؤں اور میڈیکل سیمپلز کی ترسیل کے لیے ڈرون جبکہ پیچیدہ آپریشنز کے لیے روبوٹکس ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
وزیر صحت نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 20 ہزار سے زائد بستر فراہم کیے گئے ہیں جبکہ مشاعر مقدسہ (منی، عرفات، مزدلفہ) میں 3 ہزار بستر دستیاب ہیں۔ اس سال مشاعر مقدسہ میں ہنگامی طبی مراکز کی تعداد میں تین فیصد اضافہ کر کے 25 کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حج سیزن کے دوران 900 ایمبولینس، 11 ایئر ایمبولینس اور 25 ہزار سے زائد طبی عملہ خدمات انجام دے گا۔ عسکری اور سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے تین اسپتالوں میں 1,200 بستر تیار ہیں۔
وادی منیٰ میں نیا ایمرجنسی اسپتال قائم کیا گیا ہے جس میں 200 بستر ہیں۔ مشاعر مقدسہ میں 71 میڈیکل یونٹس فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حرمین شریفین میں عازمین حج کی سہولت کیلئے AI سے لیس روبوٹ متعارف
عازمین حج کی صحت کی مسلسل نگرانی کے لیے اسمارٹ واچز بھی استعمال کیے جائیں گے۔
یہ جدید اقدامات عازمین حج کو محفوظ، آرام دہ اور بہترین طبی نگہداشت فراہم کرنے کی سعودی عرب کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔


