اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں حملے کیے جن میں ایک 16 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہو گیا جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ 16 سالہ یوسف علی یوسف کعبنے رام اللہ کے شمال میں جلیلجا کے قریب اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گئے۔
فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے بتایا کہ آباد کاروں کے حملوں میں چار افراد زخمی ہوئے جن میں دو ربڑ کی گولیوں سے اور دو براہ راست حملے میں زخمی ہوئے۔
ایک 15 سالہ بچے کو سینے میں گولی لگی جس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق درجنوں مسلح آباد کار اسرائیلی فوج کی حفاظت میں سنجیل، جلیلجا اور ابوین گاؤں میں داخل ہوئے۔ انہوں نے گھروں پر حملے کیے، چرواہوں کا پیچھا کیا اور مویشی لوٹ لیے۔
ذرائع نے بتایا کہ سنجیل میں تقریباً 700 بھیڑیں لوٹ لی گئیں جبکہ جلیلجا اور ابوین کے علاقوں سے بھی مویشی اور زرعی آلات چھین لیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی حملوں میں غزہ میں ایک فلسطینی شہید، 14 زخمی
اقوام متحدہ کے مطابق مغربی کنارے میں بچوں پر اسرائیلی حملوں میں ہفتہ وار ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔
یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ 2025 کے آغاز سے مغربی کنارے میں بچوں کی صورتحال ناقابل برداشت ہوتی جا رہی ہے۔


