تہران — رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے ولادت باسعادت حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور یوم نرس کی مناسبت سے جمعہ 16 اکتوبر کو جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی استکبار کا خبیث نیٹ ورک آزاد اور مقاوم قوموں، بالخصوص ایرانی قوم پر ظلم و جنایت ڈھانے کی کوئی کوشش نہیں چھوڑتا اور علاج و دوا سے متعلق طرح طرح کی پابندیاں لگا کر عظیم ایرانی قوم کو رنج پہنچانا چاہتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب نے اپنے پیغام کا آغاز پانچ جمادی الاول، یوم ولادت حضرت زینبؑ کے ذکر سے کیا اور فرمایا کہ پنجتن پاکؑ کے زیر سایہ پچاس برس سے زائد تربیت نے اس درخشاں ستارے کو عزت و شرافت کے گوناگوں مظاہر عطا کیے، جن کا عروج واقعۂ عاشورا میں نظر آیا؛ ایک طرف کربلا کے مظلوموں کے لیے بے پایاں ایثار اور دوسری طرف استقامت و شجاعت کی اعلیٰ ترین علامتیں۔
ایرانی خواتین مزاحمت کے محاذ پر
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ اسلامی تحریک اور انقلاب کی تاریخ ابتدا سے ہی ایرانی خواتین اور بیٹیوں کی زینبی موجودگی کے مناظر سے بھری ہوئی ہے، اور تیسرے دفاع مقدس کے دوران قوم کی بے مثال بیداری میں یہ موجودگی کیفیت اور وسعت دونوں اعتبار سے حیرت انگیز حد تک پہنچ گئی۔ تسنیم کے مطابق انہوں نے کہا: "آج اسلامی ایران کی زینبی خواتین مختلف میدانوں، بالخصوص شہروں اور دیہات کے چوکوں میں اپنی بھرپور موجودگی کے ذریعے سخت جنگ کے محاذ کے پیچھے عملی تبیین اور مزاحمت میں صف اول میں ہیں۔”
رہبر معظم انقلاب کے مطابق زمانے کے وہ طاغوت جو ہمیشہ اس قوم کے لیے درد، رنج اور ظلم کے خواہاں رہے ہیں، خود کو اس عظیم لشکر کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں پاتے۔
نرسوں کی حمایت قومی ترجیح
یوم نرس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اہل بیتؑ سے محبت رکھنے والی اس سرزمین کے عوام نے حضرت زینبؑ کی ہمدردی اور دردمندوں کی خدمت میں ان کے ایثار کے پیش نظر بجا طور پر اس دن کو نرس کے مقام کی تکریم کا دن قرار دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نرسوں پر توجہ، نرسنگ کمیونٹی کی تقویت اور نرسوں کے علم، مہارت، توانائی، نشاط، حوصلے اور کرامت کا تحفظ و فروغ، خصوصاً غیر نجی اداروں میں خدمات انجام دینے والوں کے لیے، معاشرے کی جسمانی و روحانی صحت اور سلامتی پر اہم اثر رکھتا ہے، اور شعبۂ صحت کے ذمہ داران سے توقع ہے کہ وہ ان امور کو ترجیح دیں۔
رہبر معظم انقلاب نے دونوں مناسبتوں پر ملت ایران، فرض شناس خواتین اور نرس بہنوں بھائیوں کو مبارکباد پیش کی۔
پیغام کے آخر میں انہوں نے نرسنگ کمیونٹی کے مظلوم و فداکار شہداء، بالخصوص دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں اور دی ماہ 1404 (جنوری 2026) کے فتنے میں شہید ہونے والی نرسوں کے لیے رحمت الٰہی کی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعا سے خداوند متعال ملت ایران کو پہلے سے بڑھ کر عزت و اقتدار عطا فرمائے گا۔
مزید پڑھیں: بم اور میزائل ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کر سکتے: صدر پزشکیان




