ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ہفتہِ حکومت اور ہفتہِ وحدت کی مناسبت سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے 129 ہزار ارب تومان کی لاگت سے 18 ہزار 909 بلدیاتی اور دیہی ترقیاتی منصوبوں کا شاندار افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کی رہنمائی اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی کو ملکی وقار اور کامیابی کی کنجی قرار دیا۔
ایرانی صدر نے ملکی دفاع اور خارجہ پالیسی پر دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ ایران خطے میں جنگ نہیں چاہتا اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کا حامی ہے، لیکن کسی بھی عالمی طاقت کی جارحیت اور دھمکی کے سامنے ہرگز سر نہیں جھکائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : تہران میں عالمی اجلاس: مسئلہ فلسطین کا حل ریفرنڈم اور مسلم امہ کی عملی حمایت
امت مسلمہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی صدر نے متنبہ کیا کہ خطے میں تمام تر بدامنی کا اصل ذمہ دار غاصب اسرائیل ہے، جو مسلمانوں کو آپس میں لڑوا کر کمزور کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم بھرپور اسلامی اتحاد کے ذریعے ان مذموم صیہونی سازشوں کو خاک میں ملا دیں گے۔
آئندہ موسم سرما کے حوالے سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ ملکی صنعت اور پیداواری عمل کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے صوبائی گورنروں پر واضح کیا کہ سردیوں میں بجلی، گیس اور پانی کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی ‘سرخ لکیر’ ہے۔ آخر میں انہوں نے قوم کو رسولِ رحمت (ص) کی ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ استکباری قوتیں ملکی دفاع کے لیے ڈٹی ہوئی اس متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دے سکتیں۔




