مقبوضہ بیت المقدس میں انتہا پسند صہیونی گروہ مسجد اقصیٰ پر بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
القدس انٹرنیشنل فاؤنڈیشن نے بیت المقدس اور 1948 کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینی عوام سے 14 اور 15 مئی 2026 کو مسجد اقصیٰ میں رباط اور بڑے عوامی اجتماع کی پرزور اپیل کی ہے۔
فاؤنڈیشن نے بتایا کہ قابض اسرائیل 15 مئی کو جسے وہ "بیت المقدس پر قبضے کی عبرانی برسی” کہتے ہیں، مسجد اقصیٰ پر بے مثال حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
مقدسی امور کے ماہر زیاد ابحیص نے کہا کہ اس سال خطرے کی شدت اس لیے زیادہ ہے کیونکہ یہ مناسبت جمعہ کے دن آ رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جمعہ کے روز آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کی اجازت دینا ایک خطرناک موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔
انتہا پسند گروہ صبح اور نماز جمعہ کے بعد دوپہر کے وقت حملے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہیں وزراء اور کنیسٹ ارکان کی سیاسی حمایت حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مسافر یطا میں آباد کاروں کے حملے، فلسطینیوں کی املاک کو شدید نقصان پہنچایا
فاؤنڈیشن نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات کی دوپہر سے جمعہ کی نماز فجر تک مسجد اقصیٰ میں اعتکاف، رباط اور نماز کے ذریعے موجود رہیں اور مسجد کو آباد رکھیں۔
انہوں نے عرب اور اسلامی اقوام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہنگامی عوامی تحاریک اور یکجہتی کے مظاہرے منظم کریں۔


