دی وائس آف امہ : غزہ سٹی کے جنوب مغرب میں اردنی فیلڈ اسپتال کے قریب جمعرات کے روز ایک اسرائیلی ڈرون نے گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی اور طبی ذرائع کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی سروسز نے تصدیق کی ہے کہ اس حملے کے بعد دو شہداء اور کئی زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے السرایا فیلڈ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : ایرانی حملوں کے بعد امریکی افواج کا کویت میں اپنا سب سے بڑا فوجی اڈہ خالی کرنے کا انکشاف
وفا (WAFA) نیوز ایجنسی کے نمائندے کے مطابق، حملے میں شہید ہونے والوں کی شناخت حسام ابو العطا اور مجدی الایوبی کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں کچھ عرصہ قبل ہی اسرائیلی قید سے رہا کیا گیا تھا۔ المناک امر یہ ہے کہ مجدی الایوبی کی اہلیہ، بیٹا اور والدہ اس اسرائیلی جارحیت کے ابتدائی ایام میں ہی شہید ہو چکے تھے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق، اکتوبر 2023 میں مسلط کی گئی جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں کم از کم 74,250 فلسطینی شہید اور 1,75,278 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان ہوشربا اعداد و شمار میں اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے بعد سے ہونے والی 1,467 شہادتیں اور ملبے سے نکالی گئی مزید 836 لاشیں بھی شامل ہیں۔




